نئی دہلی،19جون؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)وزیر اعظم نریندر مودی کی ڈگری کا معاملہ ایک بار پھر گرما گیا ہے۔دہلی کے پٹیالہ ہاؤس کورٹ کے ایک وکیل نے دہلی یونیورسٹی سے آر ٹی آئی کے ذریعہ پی ایم مودی کی ڈگری کی معلومات مانگی تھی۔یونیورسٹی نے معلومات کے دینے سے انکار کر دیا۔آر ٹی آئی لگانے والے ارشاد نام کے وکیل نے اس بارے میں کہا کہ میں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی ڈگری کے لئے آر ٹی آئی لگائی تھی،پہلی عرضی تو پوسٹل آرڈر کی کمی کو لے کررد کر دی گئی تھی۔وہیں دوسری بار میں جواب نہیں دیا گیا ہے، ہمیں کہا گیا ہے کہ پرائیویسی کے قوانین کے تحت جواب نہیں دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک کے وزیر اعظم کی ڈگری کا سوال ہے،ملک کی عوام کو جاننا ہے کہ وزیر اعظم کی ڈگری کیا ہے،سی آئی سی نے بھی آرڈر کیا ہے،ہم نے ان کے داخلے لیتے وقت آپ کوجو دستاویزات جمع کئے گئے تھے، اس کی تفصیل مانگی،فیس دیتے وقت کی وصولی مانگی،ان کی دستی تحریر سے منسلک کاغذ مانگے تھے لیکن کوئی بھی جواب نہیں دیا گیا ہے۔ارشاد نے کہا کہ جب دہلی کے وزیر اعلی اور عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال کی ڈگری پر جواب مل سکتا ہے تو وزیر اعظم کی ڈگری پر جواب کیوں نہیں مل رہا ہے۔ڈی یو نے آر ٹی آئی اور مرکزی حکومت کے قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے مانگی گئی معلومات دینے سے انکار کیا ہے۔دوسری طرف بی جے پی کے راجیہ سبھا رکن وجے گوئل نے اس بارے میں کہا کہ کچھ لوگوں کے پاس کوئی کام نہیں ہے،وہ بار بار پی ایم کی ڈگری مانگنے لگتے ہیں،جب ایک بار جواب دے دیا گیا ہے تو اس بات سے آگے بڑھ جانا چاہئے،کچھ لوگ صرف سیاست کی وجہ سے یہ سب کر رہے ہیں۔وزیر اعظم کے کاموں کی بحث ہر جگہ ہے۔